خطبہ ۷۴

خدا اس شخص پر رحم کرے ، جس نے حکمت کا کوئی کلمہ سنا ، تو اسے گرہ میں باندھ لیا۔ ہدایت کی طرف اسے بلایا گیا تو دور کر قریب ہوا۔صحیح راہبر کا دامن تھام کر نجات پائی ۔ اللہ کو ہر وقت نظروں میں رکھا، اور گناہوں سے خوف کھایا ۔ عمل بے ریاپیش کیا۔ نیک کام کئے ۔ ثواب کا ذخیرہ جمع کیا۔ بُری باتوں سے اجتناب برتا۔ صحیح مقصد کو پالیا۔ اپنا اجر سمیٹ لیا۔ خواہشوں کا مقابلہ کیا۔ امیدوں کو جھٹلایا۔ صبر کا نجات کی سواری بنا لیا ۔ موت کے لئے تقویٰ کا سازو سامان کیا۔ روشن راہ پر سوا ر ہوا ۔ حق کی شاہراہ
پر قدم جمائے ۔ زندگی کی مہلت کوغنیمت جانا۔ موت کی طرف قدمبڑھائے اور عمل کا زاد ساتھ لیا۔